پشاور،14فروری(اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ تمام یونیورسٹیوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ریسرچ کو کمرشلائزد کر کے ریونیو پیدا کرنا ہو گا،تمام تر وسائل کے باوجود بھی اگر مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوں تو پھر پہلے سے زیادہ محنت و جدوجہد سے کوشش کرنا ہو گی،نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کیلئے تعلیمی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنا رہے ہیں،صوبہ کے نوجوانوں میں ہر شعبہ میں نام پیدا کرنیکا ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے،نوجوانوں کو حقیقی معنوں میں ملک وقوم اور والدین کا قیمتی سرمایہ بنانا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز دورہ ایبٹ آباد کے دوران ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈٹیکنالوجی میں ایک کروڑ روپے کی لاگت سے قائم ہونے والے سنٹر آف ایکسیلینس فری لانسنگ آئی ٹی لیب کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجددالرحمٰن، رجسٹرار ضیاءحمد،چیئرمین شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نعیم، کنٹرولر امتحانات عمران جاوید، فیکلٹی اراکین، طلباءوطالبات نے شرکت کی۔
گورنر نے افتتاح کے بعد آئی ٹی لیب میں طلباء و طالبات سے ملاقات کی اور انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنے کی تلقین کی۔گورنر نے اس موقع پر فری لانسنگ آئی ٹی شعبہ میں پراجیکٹس حاصل کرنیوالے طلباء و طالبات میں تعریفی اسناد جبکہ فیکلٹی اراکین میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔
گورنر نے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی بلاک میں پودا لگایا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا، تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجددالرحمٰن نے گورنر کو آئی ٹی لیب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،انہوں نے بتایاکہ ایبٹ آباد یونیورسٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف عالمی سطح کے پراجیکٹس سے اب تک 47 ہزار ڈالر کمائے ہیں اور400 کے قریب غریب و مستحق زیر تعلیم طلباء وطالبات کو اسکالرشپس فراہم کی ہیں۔وائس چانسلر نے کہاکہ گورنر کی سنجیدہ کوششوں سے 400 ملین روپے یونیورسٹی اراضی کا مسئلہ حل ہوا جبکہ 90 لاکھ مالیت سے یونیورسٹی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے یونیورسٹی کا بجلی کا بل مکمل ختم ہو گیا ہے جس پرگورنر کے نہ صرف ہم مشکور ہیں بلکہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے قابل قدر اقدامات پر انکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ فورتھ جنریشن یونیورسٹیز میں فری لانسنگ آئی ٹی لیب اہم نوعیت کی حامل ہیں،ایبٹ آباد یونیورسٹی کا انفارمیشن ٹیکنالوجی سے عالمی ممالک سے پراجیکٹس حاصل کرنا اور فری لانسنگ آئی ٹی لیب کا قیام قابل ستائش اقدام ہے۔اس سنٹر کے قیام سے نہ صرف یونیورسٹی کی تعلیمی و انتظامی استعداد میں اضافہ ہو گا بلکہ طلباء وطالبات کو جدید کلاس رومز، ریسرچ لیبارٹریز اورانفارمیشن ٹیکنالوجی میسر ہو گی جس سے وہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کواجاگرکر سکیں گے، انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیاں نوجوانوں کو ایسی تعلیم فراہم کریں کہ وہ ملازمتوں کے پیچھے بھاگتے نہ پھریں۔ گورنر نے کہا کہ عصر حاضر میں نوجوانوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔ یونیورسٹیاں ملازمتیں فراہم کرنیکی فیکٹریاں نہیں ہیں بلکہ تعلیمی درسگاہیں ہیں جن کا اولین مقصد صرف اور صرف معاشرے میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق نوجوان نسل کو تعلیم یافتہ بنانا ہے۔
گورنر نے کہا کہ یونیورسٹی کی خالی اراضی کو خوبصورت طرز پر سنوارنے کیلئے مشینری فراہم کی جائے گی تاکہ زمین کو ہموار بنا کر مزید خوبصورت بنایا جا سکے، انہوں نے کہ یونیورسٹی کے پرفضا ماحول کیلئے 10 ہزار درخت بھی لگائے جا رہے ہیں۔
گورنر نے اس موقع پر طلباءوطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حصول تعلیم کے ساتھ یونیورسٹی کی خوبصورتی و دیکھ بھال میں بھی اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے طلباءوطالبات کو نصیحت کی کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تمام آلات لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور انٹرنیٹ کا درست مثبت استعمال یقینی بنا کر اپنے مستقبل کو بہتر بنائیں۔