پشاور ؛کمشنر محمد زبیر کا عام انتخابات کیلئے قائم کردہ خصوصی کنٹرول روم اور مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ

25

 

پشاور، 06فروری(اے پی پی): کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے منگل کو  عام انتخابات کے لئے قائم کردہ خصوصی کنٹرول روم اور مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، اور اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر اور اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی ہاشم راو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر  کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر  نے میڈیا کو بتایا کہ عام انتخابات کیلئے  پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر میں 3191 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، پشاور ڈویژن میں 1274 انتہائی حساس 1290 حساس اور 627 نارمل پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں۔

کمشنر   محمد زبیر نے کہا کہ پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں 34000 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز کے نوعیت کے مطابق سیکورٹی انتظامات اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور کہا کہ تمام اضلاع میں پولنگ میٹیریل بحفاظت لانے اور لے جانے کے لیے بھی حکمت عملی وضع کی گئی ہے اور پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں دو دو کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی رٹ کی موجودگی اور امن و امان کا پیغام دینے کے لیے تمام اضلاع میں فلیگ مارچ کیے جائیں گے۔

محمد زبیر نے منصفانہ،آزادی اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کیں اور انہوں نے  اس سلسلے میں ہر دو گھنٹے بعد رپورٹ طلب کر لی۔