پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کاتیسرا اجلاس، شرکاء نے کھڑے ہوکر بے مثال کارکردگی پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا

10

 

لاہور،7فروری ( اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدار ت وزیر اعلیٰ آفس میں پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کاتیسرا اجلاس منعقد ہوا۔  چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے شرکاء نے کھڑے ہوکر وزیراعلیٰ محسن نقوی کی بے مثال کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پنجاب میں 6بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا قیام وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کریڈٹ ہے۔

صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاشف انور نے کہا کہ محسن نقوی نے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے شب و روز کام کر کے مثال قائم کی۔صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس امتیاز ڈوگر نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے کسی وزیراعلیٰ نے اتنا کام کیانہ ہم نے اتنا کام ہوتے دیکھا۔صدر فیڈریشن آف پاکستان وویمن چیمبرز نے کہا کہ محسن نقوی آنے والی حکومت کے لئے قابل تقلید مثالیں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

بانی صدر ساہیوال وویمن چیمبر حمیرا بخاری نے کہا کہ محسن نقوی نے کم وقت میں زیادہ کام کرکے دکھایا ہے۔شمیم آفتاب وویمن چیمبر سرگودھا نے کہا کہ کسی نگران حکومت کی کارکردگی ایسی نہیں تھی،محسن نقوی نے حیران کن سپیڈ کے ساتھ کام کیاہے۔ انصر علی صدر جھنگ چیمبر نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں ایسا بہترین وزیراعلیٰ نہیں آیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر او رصنعتکار ملکی معیشت کی بہتری کے لئے قابل عمل کردار ادا کرسکتے ہیں۔ وویمن انٹر پرینور کے لئے ریسورس سنٹر قائم کرنے کاجائزہ لیں گے۔پنجاب کے ہر ڈویژن میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کئے جارہے ہیں جبکہ 45دن میں 6بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرقائم کرکے فنکشنل کر دئیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر پر 22صوبائی محکموں اور 2وفاقی محکموں کے کاؤنٹرزخدمات فراہم کررہے ہیں۔بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کے قیام سے صنعتکاروں کو 124این او سی ایک چھت تلے میسر ہوں گے۔صنعتکاروں اور تاجر برادری کے صدور اور عہدیداران نے کاروبار کے فروغ کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

پنجاب کی تمام کابینہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس او رمتعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تجاویز کو نوٹ کیا اور قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔

صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر،بلال افضل، اظفر علی ناصر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر،ابراہیم مراد، مشیرکنور دلشاد، وہاب ریاض، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹریز، چیمبرز آف کامرس کے اعلی عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔