کوئٹہ،06 فروری (اے پی پی):عوامی جمہوریہ چین کے تعاون سے صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تعلیمی اداروں، پبلک لائبریریز ، اور مراکز صحت میں سولرائزیشن اور کمپیوٹر لیب کے منصوبے مکمل کر لئے گئے۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے منگل کو دوست ملک چین کے تعاون سے مکمل کئے گئے ان منصوبوں کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں نگراں وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر راشد رزاق خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم ، فرینڈز آف چائنا فورم کے چئیرمین بایزید خان کاسی اور حکومت بلوچستان کے دیگر اعلٰی حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ جمہوریہ چین کے تعاون سے صوبے کے مختلف علاقوں میں شمسی توانائی اور کمپیوٹر لیب کے مکمل کئے گئے منصوبے عوامی بہبود میں معاون ثابت ہوں گے، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور ہمسائیگی کا بہترین رشتہ قائم ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہوررہا ہے۔ پاکستان اور چین نہایت قریبی، سیاسی، معاشرتی، معاشی تعلقات کی بنا پر دنیا بھر میں بہترین دوست ممالک کے طور جانے اور پہچانے جاتے ہیں یہ تعلقات پچھلی سات دہائیوں پر محیط ہیں ۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ چین کی پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری سی پیک منصوبوں کی شکل میں شروع ہوئی جو معاشی تعلقات کی بنا پر چین پاکستان کے دیرپا تعلقات کی ایک اور مضبوط کڑی ہے۔ گوادر میں پاک چین فرینڈ شپ کے تحت جدید ہسپتال ،گوادر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ڈی سیلینیشن پلانٹ سمیت عوامی بہبود کے دیگر کئی منصوبے پاکستان چین دوستی کے مظہر ہیں۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت کی وسعت نظری کے باعث سی پیک نے نمایاں ترقی کی ہے اور گوادر بندرگاہ کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کامیابیاں ملی ہیں ، انہوں نے کہا کہ سی پیک 2014 سے 2030کا تک بڑا منصوبہ ہے جس میں بنیادی ڈھانچہ سازی، توانائی، گوادر کی بندرگاہ کی ترقی اور صنعتی تعاون شامل ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قابل قدر شراکت داری کو مزید پائیدار خطوط پر استوار کیا جائے گا ۔
تقریب کے اختتام پر نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے فرینڈز آف چائنا فورم کے چیئرمین بایزید خان کاسی کو سو ینئر پیش کی ۔











