نگراں وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے بلوچستان میں کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس اور کمپیوٹرائزڈ جانشینی سرٹیفکیٹس کے اجراء کا افتتاح کر دیا

22

 

کوئٹہ، 06 فروری (اے پی پی):نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے   بلوچستان میں کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس اور کمپیوٹرائزڈ جانشینی سرٹیفکیٹس کے اجراء کا باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا ہے ۔

 اس موقع پر محکمہ داخلہ بلوچستان اور نادرا حکام کے  مابین ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے ،تقریب میں نگراں صوبائی وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی،  چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان،  پرنسیپل سیکرٹری ٹو سی ایم راشد رزاق خان،  ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم،  ڈائریکٹر جنرل نادرا میر عالم خان اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔

 نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے بلوچستان میں کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس اور جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجراء پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں آج سے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس اور جانشینی سرٹیفکیٹ کا اجراء شروع ہوگیا ہے جس سے عوام کو ان قانونی دستاویزات کے حصول میں آسانیاں میسر آئیں گی اور ان دستاویزات سے متعلق جعل سازی کی روک تھام اور ان کی فوری آن لائن تصدیق ممکن ہوسکے گی، اس کمپیوٹرائزڈ مرکزی سسٹم کی بدولت قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی اسلحہ لائسنس کی فوری تصدیق کرپائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ جانشینی سرٹیفکیٹ کا اجراء عوام کے لئے ایک بہت بڑی سہولت ہے، اس سے قبل جانشینی سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لئے عوام کو ایک طویل کارروائی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اب نادرا مراکز میں عوام کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد فوری طور پر جانشینی سرٹیفکیٹ جاری کردیا جائے   گا۔

انہوں نے کہا کہ ان دونوں قانونی دستاویزات کی کمپیوٹرائزیشن ایک تاریخی اقدام ہے جو بلوچستان  کے عوام کو قانونی دستاویزات  کی سہل فراہمی کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔