کراچی، 12 فروری ( اے پی پی): اسپیشل اولمپکس پاکستان (ایس او پی)کے زیراہتمام 9ویں ایس او پی لیکسن انویسٹمنٹ یونیفائیڈ میراتھن کا انعقاد ایمار ڈی ایچ اے فیز8 پر ساحل سمندر کے قریب ہوا۔ ایونٹ میں ہاف میرا تھن،10 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر کی دوڑ کے ساتھ ساتھ 5 کلو میٹر،ایک کلومیٹر کی یونیفائیڈ واک اور وہیل چئیر واک بھی شامل تھی۔
ڈی ایچ اے کریک کے محمد سجاد نے مسلسل تیسری مرتبہ ہاف میراتھن جیت کر ہیٹ ٹرک مکمل کی،سندھ ٹریک اینڈ فیلڈ کلب کی نمائندگی کرنے والے سجاد نے مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ 14 منٹ6 سیکنڈ میں طے کیا، محمد وقاص دوئم اور شاکر عثمان سوئم رہے، خواتین کی ہاف میراتھن سحرش قیوم نے ایک گھنٹہ 50 منٹ 50 سیکنڈز کے ساتھ جیتی مشعل حسین دوسرے اور ندا انور تیسرے نمبر پر رہیں۔
میراتھن کا مقصد خصوصی افراد سے اظہار یکجہتی تھا جس میں ایس اوپی کی برانڈ ایمبیسڈر ثروت گیلانی، معروف گلوکار فیصل کپاڈیہ، لیکسن انویسمنٹ کے کاشف مصطفی، ای بی ایم کی عطیہ خان، پامولیو کی سینیئر برانڈ مینیجر فاطمہ صدیقی، کلیکٹیوکے رمیز ستار،سائبر نیٹ،اینگرو، نیاپے، ای ایف یو، شیورون، فوٹکواور نیشنل فوڈز کے نمائندوں، ایس او پی کے فٹنس ایمبیسڈر عدنان گاندھی اور اسپورٹس ان پاکستان کے شعیب نظامی سمیت خصوصی افراد، طالب علموں، مرد،خواتین بچے، معمر افراد، فنکار،کھلاڑی اورمعززین شہر نے بھی حصّہ لیا۔