کشمیری عوام کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھانے والوں کو اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں؛ مشعال ملک

20

اسلام آباد، 5 فروری(اے پی پی): وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھانے والوں کو اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں اور ہندوستان کے کشمیر پر مکمل قبضہ کرنے سے پہلے کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دلانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان بہت تیزی سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، آج جو غزہ میں ظلم اور بربریت دیکھنے میں آ رہی ہے، کشمیری عوام یہ ظلم کئی دہائیوں سے دیکھ رہے ہیں۔ فلسطین اور کشمیر کی آواز کو مزید طاقت کے ساتھ اٹھایا جاۓ۔

مشعال ملک نے کہا کہ پاکستانی قوم، آزاد جموں کشمیر کے لوگ اور بین الاقوامی برادری دنیا بھر میں کشمیریوں کی آواز اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا  کو ہندوستان کی دہشت گردی، کشمیریوں کی نسل کشی، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال، پیلٹ گنز اور کالے قوانین کے خلاف ایک آواز بننا چاہئے۔