کشمیر رنگا رنگ ثقافت کی سر زمین

16

اسلام آباد، 02 فروری (اے پی پی ): کشمیر کی  جنت نذیر  وادی سیکڑوں سالہ پرانی  منفرد تاریخی، ثقافتی، فنی اور اسلامی روایات کی امین  سر زمین ہے   جہاں کے   منفرد اور  تاریخی  فنون ، اقدار  و روایات، دستکاریاں ، موسیقی  اور پکوان اس سرزمین کے بے مثال جغرافیائی حسن اور انفرادیت کو چار چاند لگا تے محسوس ہوتے ہیں ۔

کشمیری فن تعمیر ،فن خطاطی، فن پیپر ماشی،’فن چوب کاری،فن حرب،چاندی و پیتل کے ظروف پر بیل بوٹے کا کام، کڑھائی سلائی  اور یہاں کے پکوان   سب میں کشمیری ثقافت کی دل پذیر جھلکیاں دکھائی دیتی ہیں  جبکہ وادی کشمیر کی مساجد،خانقاہیں، مزارات و عمارات حسن و زیبائش اور کاریگری کے اسلامی  نمونوں   کے شاہکار کا درجہ رکھتی ہیں ۔

کشمیر تاریخی ثقافتی ورثے کا گھر ہے اور  ان ثقافتوں اور روایتوں کے رنگ  یہاں کے میلوں اور تہواروں میں ظاہر ہوتے ہیں اس کے علاوہ کشمیری روایتی دستکاریوں میں ہاتھ کے بنے قالین، شال، پیپر ماشی کے نمونے اور چوب کاری دنیا بھر میں مشہور ہیں۔

یہاں کے مشہور روایتی کھانوں میں کشمیری کباب،روغن جوش،شری پلاؤ مٹن اور پلاؤ ترش زردہ، کشمیری چائے اور کشمیری کلچا بہت مشہور ہیں جو اپنے منفرد ذائقےکے باعث بہت پسند کیے جاتے ہیں۔