کوئٹہ،05 فروری(اے پی پی):جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ اوراس میں بسنے والے کشمیری بھائی ہمارے جسم و جاں ہیں،کشمیریوں کی تحریک آزادی استحکام پاکستان کی تحریک ہے جب کوئی قوم آزادی حاصل کرنے پرتل جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی اس کو آزادی کے حصول سے روک نہیں سکتی،بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جبر اور ظلم نے دنیا اور خطے کے امن کو داو پر لگا دیا ہے۔
یہ بات انہوں نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر اور ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھائے جارہے ہیں اور خود بھارت شرافت کا لبادہ اوڑھ کر عالمی برادری کے سامنے اپنے آپ کوپرامن ملک ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے جو کہ ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں اور کشمیری عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق اور ظلم ہے بھارت اس خطے میں اپنی چودھراہٹ کو قائم کرنے کے لیے طاقت کے توازن کو خراب کر رہا ہے۔
ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ بھارت طاقت اور فوج کے ذریعے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی آواز کو دبا نہیں سکتا انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ اقوام متحدہ اورعالمی ادارے اقوا م متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدکو یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردارادا کریں۔