کشمیر کے عوام اپنی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں آزادی کی روشن صبح حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے؛ سینئر حریت رہنما   الطاف سلیم وانی

6

اسلام آباد،02 فروری (اے پی پی ):سینئر حریت رہنما   الطاف سلیم وانی نے کہا کہ کشمیر کے عوام اپنی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں آزادی کی روشن صبح حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

 یوم یکجہتی کشمیر پر قومی خبر رساں ادارے ایسوسٹیڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی ) سے گفتگو میں سینئر حریت رہنما   الطاف سلیم وانی نے کہا کہ   پانچ فروری کا دن کشمیر کے لوگوں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس دن پاکستان  کے لوگ کشمیر یوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے   ہمیں اس بات کا احساس دلاتے ہیں  مقبوضہ وادی  کے لوگ اپنی جدوجہد میں  تنہا نہیں ہیں ۔

 انہوں نے عالمی فورمز پر کشمیر  کے مسئلے کو بھر پور انداز میں اجاگر کرنے کے لیے  پاکستا ن کی حکومت ،سیاسی رہنماؤں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا  کہ   دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم کو سہتے ہوئے کشمیری  مسلمانوں کے لیے یہ اظہار یکجہتی  ان کے حوصلوں کو بڑھانے اور اس امید کا دیا  روشن رکھنے کا باعث ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے عوام اپنی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں آزادی کی روشن صبح حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے ۔