اسلام آباد،02 فروری (اے پی پی ):سینئر حریت رہنما غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کشمیر کے لوگ دہائیوں سے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور کوئی بھی ظلم یا ہتھکنڈا انہیں ان کے حق آزادی کی جدوجہد سے روک نہیں سکتا ۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر حریت رہنما کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام نے اپنی آزادی کے لیے جان و مال اور عزت و عصمت کی قربانیاں دی ہیں اس لیے وہ آزاد ی سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں نے اس آزادی کی جدوجہد کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر رکھی ہیں اور یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان کے عوام کا اظہار یکجہتی اس سر زمین کے باسیوں کی جدوجہد اور ان کی ہمتوں کے لیے مہمیز کا کام کرتا ہے اور یہ امید دلاتا ہے کہ آزادی کی صبح اب دور نہیں ہے ۔











