پشاور، 07فروری(اے پی پی): عام انتخابات کے پیش نظر کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے بدھ کے روز پشاور کے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور تمام ضروری انتظامات کا جائزہ لیا۔
کمشنر پشاور نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور تمام اضلاع میں پولنگ میٹیریل بحفاظت پہنچائے جانے کا عمل شروع ہو چکا ہے جبکہ پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں دو دو کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے ہیں۔
کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے میڈیا کو بتایا کہ پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں 35ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے عمل کے دوران حکومتی رٹ کی موجودگی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر اور اسسٹنٹ کمشنر پشاور سٹی ہاشم راؤ بھی ان کے ہمراہ تھے۔











