اسلام آباد،5 فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان کے زیرِ اہتمام شاہراہ دستور پر واک کا اہتمام کیاگیا جس میں مختلف شعبوں سے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
واک میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی، نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد اورنگران وزیر ثقافت نے بھی شرکت کی۔شرکاء کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔
واک کے شرکاء نے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارتی غیرقانونی قبضے کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔شرکاء کی جانب سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے اپنی غلامی کے خلاف 1931 میں اپنی آواز بلند کی تھی اور قیام پاکستان کے وقت بھی کشمیری قیادت نے حق خود ارادیت کا مطالبہ کیا تھا، مقبوضہ کشمیر کے لوگ مسلسل اپنے حق کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں، ہر نسل نے اپنی بہادری کی ایک نئی داستان رقم کی ہے، بھارتی ظلم و ستم کے خلاف کشمیریوں کی چوتھی نسل بھی ڈٹ کر کھڑی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کا جبری الحاق کیا، یہ نہیں ہو سکتا کہ بھارت کشمیر کو قبرستان بنا دے- پاکستان کشمیری عوام اور ان کے حق خودارادیت کے ساتھ کھڑا ہے ،کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
شرکائے ریلی کی جانب سے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔