یوم یکجہتی کشمیر کے مناسبت سے گلگت بلتستان بھر میں ریلیاں نکالی گئیں

0

گلگت،05فروری(اے پی پی):  یوم یکجہتی کشمیر کے مناسبت سے گلگت بلتستان بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔ اس دوران  مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارتی ظلم ،جبر اور تسلط کے خلاف گلگت بلتستان کی عوام اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس ضمن میں گلگت شہر میں ایک اہم ریلی نکالی گئی جس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ، سیکرٹری قانون جی بی رحیم گل، ضلعی انتظامیہ کے آفیسران، طلباء اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور  بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے یکجہتی اور بھارت مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔  ریلی بے نظیر چوک گلگت سے شروع ہوئی اور گھڑی باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کے خون کی حولی کھیل رہا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام ہمیشہ کشمیر کے ساتھ تھے اور رہیں گے۔  انہوں نے کہا کہ اب وہ دن دور نہیں کہ جب کشمیر کے عوام بھی آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام عالم اس اہم مسئلے کی طرف فوری توجہ دے اور مظلوم کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق دینے میں عملی کردار ادا کرے۔