امریکہ ،گرین الائنس فریم ورک کے تحت پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے پر عزم ہے ؛ قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز

15

 

ملتان،05 مارچ (اے پی پی): امریکہ کی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا ہے کہ امریکی حکومت ،گرین الائنس فریم ورک کے تحت پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی، تحفظ خوراک اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گی۔

ان خیالات  کا اظہار انہوں نے منگل کو   یو ایس ایڈ کے تعاون سے میپکو سہولیاتی مرکز کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔انہوں نے  کہاکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں عورت کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس سلسلے میں امریکہ ہر قسم کے تعاون کو فروغ دے گا۔

  امریکی قونصل کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو گزشتہ 20 سال سے  ماحولیاتی آلودگی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ لیکن ہماری حکومت اس مسئلے کے تدارک کیلئے دوست ملک کیساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے تعاون سے میپکو ریجن میں 2014 سے اب تک 40 ہزار سے زائد سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے عمل میں معاونت فراہم کی گئی ہے۔

  امریکہ کی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ میپکو صارفین کی سہولت  کیلئے کمپنی کیساتھ تعاون کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ  میپکو سہولیاتی مرکز کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین کی رہنمائی کےلئے سنٹر میں 14 خواتین اپنے فرائض سر انجام دیں گی ۔

بعد ازاں  امریکی قونصل جنرل نے میپکوسہولیاتی مرکز کا دورہ بھی کیا اورسہولیاتی مرکز کی اسسٹنٹ منیجر سفینہ شمشاد نے امریکہ کی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز کو بریفنگ دی۔