تئیس  مارچ کے دن  ہمیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ،ملک کی بہتری کے لیے جدوجہد کا عہد کرنا ہوگا؛ارشد عزیز ملک

20

پشاور، 22مارچ(اے پی پی): پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے کہا ہے کہ23 مارچ کے دن ہمیں پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی اور اس ملک کی بہتری کے لیے جدوجہد کا عہد کرنا ہوگا۔

23مارچ کے حوالے سے اے پی پی سے خصوصی   گفتگو میں  ارشد عزیز ملک نے کہا کہ 23 مارچ  کا دن پورے پاکستان میں بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے کیونکہ یہ وہ یاد تازہ کرتا ہے کہ جب 23 مارچ 1940 کو لاہور میں مسلم لیگ کا اجلاس ہوا جس میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن ہونا چاہیے جہاں پہ وہ اپنی عبادت کر سکیں اور ان کے حقوق کا تحفظ ہو اور اسکے سات سال کی جدوجہد کے بعد مسلمان پاکستان بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

ارشد عزیز ملک نے کہا کہ  آج کا دن ہمیں یہ یاد کراتا ہے کہ جس مقصد کے لیے ہم نے پاکستان کو بنایا، کیا ہم نے وہ مقاصد حاصل کر لیے ہیں یا نہیں، کیا آج بھی ہم انہی مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں جو 1940 میں تھے لہذا آج چونکہ ایک ہم جشن بھی منا رہے ہیں ،خوشیاں بھی منا رہے ہیں لیکن ہمیں یہاں یہ بھی عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کی ترقی عوام کی خوشحالی اور اس ملک کی بہتری کے لیے بھی کام کریں گے اور ہمیں مل جل کر اس ملک کو بہتر سے بہتر بنانا ہے تاکہ ہمارے مسائل ختم ہوں اور تمام لوگ  سکون سے زندگی گزار سکیں۔