حکومتی سطح پر پنجابی کلچر ڈے کومنانا ایک احسن روایت ہے،ڈی پی او

0

خانیوال، 14 مارچ(اے  پی  پی): ڈی پی او رانا عمرفاروق نے کہا کہ حکومتی سطح پر پنجابی کلچر ڈے کومنانا ایک احسن روایت ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد سرزمین پنجاب کی خوبصورت ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے آگے بڑھاناہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطورمہمان خصوصی پنجاب ثقافت دیہاڑ کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب  سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے روایتی پنجابی پگڑیاں پہن کر شرکت کی اورسکولوں کے طلبہ نے روایتی ملبوسات پہن کر دیہی علاقوں کی عکاسی پر ٹیبلوز پیش کیے۔

ڈی پی او رانا عمرفاروق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجابی کلچر ہماری پہچان ہے جس کا تحفظ بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے حکومتی سطح پر پنجابی کلچر ڈے کومنانا ایک احسن روایت ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد سرزمین پنجاب کی خوبصورت ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے آگے بڑھاناہے، زندہ دلی، بھائی چارہ، محبت، اعلیٰ اخلاق، مہمان نوازی اور شجاعت پنجابی کلچر کے نمایاں اوصاف ہیں اور پنجاب پولیس انہی روایات پر عمل کرتے ہوئے قوم کی جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔

تقریب کے اختتام پر ڈی پی او رانا عمرفاروق اور اے ڈی سی آرعزوبا عظیم کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔