خیبرپختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کا دورہ  

0

لاہور، 23 مارچ(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کا دورہ کیا۔ سپیشل سیکرٹری صحت محمد اقبال،ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل نے وزیر صحت خیبر پختونخوا کا استقبال کیا۔

صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کا دورہ بھی کیا۔سید قاسم علی شاہ نے ڈی ٹی ایل کے مختلف شعبہ جات دیکھے اور ادویات کے نمونے جات کے تجزیے کے سسٹم کا معائنہ کیا۔ڈی جی ڈرگ کنٹرول نے صوبائی وزیر صحت کو ڈی ٹی ایل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا، ہیپاٹائٹس پی سی آر، ٹی بی بی ایس ایل تھری لیبز بھی گئے اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔سید قاسم علی شاہ صحت زندگی ایف ایم سٹوڈیو بھی گئے، لائیو پروگرام میں شرکت کی اور اپنا پیغام ریکارڈ کرایا۔انھوں نے کہا کہ ڈی ٹی ایل، ہیپاٹائٹس لیبز، اور ایف ایم سٹوڈیو میں جدید سہولیات دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

سید قاسم علی شاہ نے HISDU میں مختلف شعبہ جات، میڈیا سیکشن، ورٹیکل پروگرامز کے ڈیش بورڈ، میڈیسن انوینٹری سسٹم، سرویلنس مانیٹرنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔

ان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے۔بنیادی دیہی مراکز صحت میں جلد ہی پیپر لیس سسٹم رائج ہو جائے گا جبکہ ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کا ٹریکنگ سسٹم موجود ہے۔

صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھی پنجاب کا ماڈل اپنایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ سیاسی نعروں سے بالاتر عوام کی بھلائی کے لئے مل جل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں  نے کہا کہ پنجاب صحت عامہ کے نظام میں دوسرے صوبوں سے آگے ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کی جدید سہولیات سے استفادہ کرکے خیبر پختونخواہ کا نظام اپگریڈ کیا جائے گا۔

اس موقع پر  ایڈیشنل سیکرٹریز خضر افضال، ڈاکٹر یونس اور سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف و دیگر افسران بھی موجود تھے۔