ساہیوال،14 مارچ (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران عوام کواشیاءخوردونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی ممکن بنانے کے لئے ڈویژ ن بھر میں پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں ریٹس چیک کر رہے ہیں، ڈویژن میں تعینات 83 مجسٹریٹس نے مارچ کے پہلے 12دنوں میں اب تک 35862 ریکارڈ انسپکشنز کیں جس دوران ناجائز منافع خوری اور ریٹ لسٹوں کے مطابق اشیاءفروخت نہ کرنے کے خلاف دوکانداروں کو 18لاکھ97ہزار روپے سے زائد جرمانہ کیا -اس دوران 30مقدمات درج کر کے 145افراد کو گرفتار بھی کیا گیا اور 11جگہیں سیل کی گئیں۔
کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے تمام پرائس مجسٹریٹس کاخصوصی اجلاس منعقد کر کے انہیں سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کریں اور بڑی مارکیٹوں کا روزانہ وز ٹ کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں اور بڑی کریانہ دوکانوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی خصوصی ہدایت کی۔