ستھرا پنجاب پروگرام صفائی کا دیرپا ماڈل مہیا کرنے کا باعث بنے گا ؛وزیر بلدیات ذیشان رفیق

20

لاہور،21 مارچ( اے پی پی):وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز نے پہلی بار دیہات کو بھی شہری خدمات کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کیا ہے ، مقامی حکومتوں پر قانون سازی میں تاجر کمیونٹی کی مشاورت شامل ہونی چاہیئے،ستھرا پنجاب پروگرام صفائی کا دیرپا ماڈل مہیا کرنے کا باعث بنے گا،صفائی کے نظام کو بتدریج مربوط اور موثر بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے دوران کیا ۔صدر لاہور چیمبر کاشف انور، سنیئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری نے استقبال کیا۔

اس موقع گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ انڈسٹری کی ترقی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے، مقامی حکومتوں کے نچلی سطح تک استحکام کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 65 فیصد دیہی آبادی کو ضروری میونسپل خدمات میسر نہیں تھیں۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق  نے کہا کہ لاہور چیمبر بھی پلانٹ فار پاکستان پروگرام کیلئے اپنا کردار ادا کرے، عوام کو ریلیف مہیا کرنے کا یک نکاتی ایجنڈا لے کر آئے ہیں۔

 صدر لاہور چیمبر کاشف انور  نے  ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز کی تعریف کی اور  بل بورڈنگ کی فیس پر نظرثانی اور مارکیٹوں میں لائٹس لگانے کی درخواست کی۔