سکھر،16مارچ(اے پی پی): میئر بیرسٹر ارسلان شیخ نے کہا ہے کہ غریب، مسکین اور نادار افراد کی خدمت عبادت سے کم نہیں، ماہ مبارک میں اسپیشل افراد کے ساتھ وقت گزارنے میں دلی سکون ملا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ ڈسٹرکٹ سکھر کے زیر اہتمام آنکھوں کی بینائی سے محروم مرد و خواتین میں رمضان المبارک کے حوالے سے عید گفٹ،راشن بیگ تقسیم کے سلسلے میں سکھر پریس کلب ہال میں منعقدہ تقریبِ افطار ڈنر سے خطاب میں کیا۔
تقریب میں ڈپٹی مئیر ڈاکٹر ارشد مغل، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نظیر میمن، پاکستان ایسوسی ایشن فار دی بلائنڈ کے صوبائی رہنما عبدالجبار میرانی ،سکھر کے صدر حافظ سہیل احمد،میڈم کوثر سہیل، ایڈوائیزر پی اے بی غزالہ انجم، پی پی لیڈیز ونگ سٹی سکھر کی جنرل سیکریٹری و سماجی ورکر میڈم عزرا جمال، نرگس ،خالد مری ،معذور ویلفئیر ایسوسی ایشن کے رحمت اللہ صدیقی، محمد عرفان،ایس یو جے کے صدر امداد بوزدار،سندھ وومین جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی صدر سحرش کھوکھر سمیت دیگر نے شرکت کی اور سکھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 100سے زائد مرد و خواتین میں عید تحائف و 50 سے زائد راشن بیگ تقسیم کئے گئے۔