شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا، کمشنر سرگودھا

14

 

سرگودھا،15مارچ(اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے محمدی کالونی کے پارک میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر سرگودھا ڈویژن کو سرسبزو شاداب بنانے کے عزم کے ساتھ ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔  تمام ادارے شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ جنگلات اور پی ایچ اے کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔ انہوں نے کنزرویٹر جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ چاروں اضلاع میں شجر کاری مہم کے تحت پودے لگانے کے لیے جامع پلان مرتب کریں تاکہ متعلقہ تحصیل افسران کو بھی اس پر عملدرآمد کے لئے ہدایات جاری کی جا سکیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اس لیے ہر فرد کو شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اس بڑے چیلنج سے نبرد آزما ہوسکے۔ کمشنر نے کہا کہ صرف پودے لگانا کمال نہیں بلکہ ان کی دیکھ بھال ہی اصل امتحان ہوتا ہے۔ اس موقع پر کنرویٹر جنگلات، ڈویژنل آفیسر جنگلات، ڈائریکٹر کالجز، سیکرٹری تعلیمی بورڈ ، صدر چیمبر آف کامرس، صدر روٹری کلب ،  تاجروں اور طلباء سمیت دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور پودے بھی لگائے ۔