صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں ایران کے سفیر کی ملاقات

33

 

اسلام آباد،29 مارچ (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم  نے  جمعہ کو یہاں  ملاقات  کی ۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مفاد میں بارٹر تجارتی اور اقتصادی تعلقات فروغ دینے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

صدر مملکت  نے  دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

ایرانی سفیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ایران -پاکستان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم، بینکنگ تعاون اور فضائی اور کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چابہار-زاہدان ریل روڈ سے وسطی ایشیا، یورپ اور ترکی کے ساتھ تجارت کیلئے مستفید ہوسکتا ہے۔

ایرانی سفیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی جانب سے صدر ِپاکستان کیلئے تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔