صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا پولیس خدمت مراکز اور سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کا دورہ

13

 

لاہور،09 مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ پولیس خدمت مراکز اور  سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کا دورہ کیا۔

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ “آبشار”  پولیس خدمت مرکز شادمان اور سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشن گلبرگ کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کو خدمت مرکز، پولیس سٹیشن اور سائبان سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات بارے آگاہ کیا۔

آئی جی پنجاب نے صوبائی وزیر کو ٹریفک لائسنسنگ، ٹریننگ، تھانوں میں آٹومیٹڈ سسٹم سمیت شہریوں کو فراہم کی جانے والی  جدید سہولیات بارے آگاہی دی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے تمام خدمت مراکز، پولیس سٹیشنز اور دفاتر کو جدید انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سہولیات سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے  پولیس خدمت مراکز، پولیس سٹیشنز، ٹریفک لائسنسنگ سنٹرز سمیت تمام دفاتر میں شہریوں کو پولیسنگ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے عوامی خدمت کے پولیس دفاتر کا انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ جدید بنانے پر آئی جی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔