طلبہ و طالبات شجرکاری مہم کے تحت اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں ،ڈپٹی کمشنر ساہیوال

15

ساہیوال,21 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق نے طلبہ و طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ شجرکاری مہم کے تحت اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی لیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا سنت نبوی اور صدقہ جاریہ ہے اور قدرتی آفات اور ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کا اہم ذریعہ بھی  ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ساہیوال میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، پرنسپل مسز نغمانہ صدیق، وائس پرنسپل شاہینہ عمران اور طالبات کے ہمراہ پودے بھی لگائے۔ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے ڈویژن بھر کے کالجز میں جاری شجرکاری مہم کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں پچھلے ایک ماہ کے دوران پندرہ ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں اور21 مارچ تک 12661 مزید پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن کے تمام کالجز کے طلبہ و طالبات اس مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں تاکہ پورے ملک کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔