طلبہ کے لئے تمام تر وسائل کے ساتھ ہر وقت حاضر ہوں گی؛ وزیراعلی  مریم نواز شریف

23

لاہور،8مارچ (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے  کہ طلبہ پر خرچ کرنے کو بہترین انویسٹمنٹ سمجھتی ہوں، طلبہ کے لئے تمام تر وسائل کے ساتھ ہر وقت حاضر ہوں گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز  کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے  وزیراعلی آفس میں مریم نواز شریف سے  ملاقات کی ۔  لمز کے طلبہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو بطور وزیراعلی کام کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی، مریم نواز شریف کا وزیراعلی بننا حقیقی تبدیلی ہے جس کا یہ معاشرہ منتظر تھا۔

وزیراعلی  نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ طلبہ پر خرچ کرنے کو بہترین انویسٹمنٹ سمجھتی ہوں، طلبہ کے لئے تمام تر وسائل کے ساتھ ہر وقت حاضر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کا بڑی تیزی سے سامنے آنا خوش آئند ہے۔طلبہ سے گفتگو اور مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا، ہمیں پاکستانی ہونے پر بے حد فخر ہے۔

لمز کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی اے ایس پی شہر بانو کی خدمات کو سراہا۔لمز لیڈر شپ اینڈ لیومن(Lumun) وننگ ٹیم نے  بھی وزیراعلیٰ سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کرنیوالی لمز کی ٹیم میں حبیب شہریار،سبین ہامود،ماہ نور گل، راحیل حسن صدیقی،شانزے ہاشم،ملک دانیال ،عمر خان اورلائبہ عابد شامل تھیں۔

ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی رانا سکندر حیات،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،وائس چانسلر لمز ڈاکٹرعلی چیمہ،ڈین ڈاکٹر علی یاور خان،ڈائریکٹر نزہت کامران نے شرکت کی۔پیف کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن،چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر،ڈاکٹرنعمان مقبول، ڈاکٹر مظفر ہاشمی،ڈاکٹر کامران شمس اور ڈاکٹر نوید حسن بھی موجود تھے۔