لاہور،13 مارچ(اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کہ عدلیہ کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ججز کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدالتوں کی سکیورٹی بارے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میںصوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز ، ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر کی عدالتوں کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا اورکہا کہ بے جا احتجاج کی آڑ میں عدالتوں کی آئے روز تالہ بندی ہرگز قابل قبول نہیں،عدالتیں بہرصورت کھلیں گی، پرامن ماحول میں انصاف کی فراہمی کا عمل یقینی بنائیں گے، آئی جی پنجاب نے حکم دیا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران سکیورٹی آڈٹ کرکے عدالتوں کا سکیورٹی پلان ازسر نو مرتب کریں۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز کورٹ انتظامیہ سے کلوز کوارڈینیشن رکھتے ہوئے باہمی مشاورت سے سکیورٹی انتظامات کریں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت دی کہ عدالتوں کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس اہلکار انتہائی الرٹ رہیں اور چیکنگ کو یقینی بنائیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے عدالتوں کے داخلی راستوں اور اطراف کی مسلسل مانیٹرنگ کریں، کسی بھی شخص کو عدالتی احاطے میں اسلحہ لانے کی ہرگز اجازت نہ دیں۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس اجلاس میں موجود تھے۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی سکیورٹی لاہور، ایس ایس پی آپریشنز لاہور، اے آئی جی آپریشنز پنجاب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔











