لاہور ,13 مارچ ( اے پی پی ) :وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، کمشنر لاہور، علاقائی میونسپل افسروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس میں ستھرا پنجاب مہم میں پیشرفت اور دیہات پر خصوصی فوکس کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کی بھرپور مہم جاری ہے، وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر ضروری مشینری کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ۔انہوں نے یونین کونسلز میں دیہات کی تعداد کی بجائے آبادی کے تناسب سے افرادی قوت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیہات میں صفائی کا موثر ماڈل تیار کیا جا رہا ہے، ستھرا پنجاب مہم کو عوام کی مدد سے ایک تحریک میں تبدیل کرنا ہوگا، منتخب نمائندوں کی شمولیت بھی ضروری ہے، شہری کمیٹیاں بنائی جائیں، ہر ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں میں صفائی پر خصوصی لیکچر کا اہتمام کرے،انہوں نے کہا کہ صفائی کرنے سے زیادہ اسے برقرار رکھنا مشکل چیلنج ہے، عوام کی بھرپور شمولیت سے ہی صفائی کا میکانزم موثر ثابت ہو سکتا ہے، وزیراعلی پنجاب کے ویژن کو دیانتداری اور محنت سے آگے بڑھائیں گے،صوبائی وزیر نے دیہات میں ہر ہفتے نالیوں کی صفائی اور عملہ صفائی بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیہات اور شہروں میں گھر گھر جا کر کوڑا کرکٹ جمع کیا جا رہا ہے، ستھرا پنجاب انقلابی پروگرام ہے، میونسپل سٹاف دن رات کام کرے، سیکرٹری بلدیات شکیل میاں نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی سطح پر ستھرا پنجاب مہم کی مانیٹرنگ یقینی بنا رہے ہیں، کوڑا جمع کرنے سے زیادہ اسے ٹھکانے لگانے کا کام زیادہ توجہ طلب ہے.











