عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے؛جمال خان رئیسانی

1

کوئٹہ، 26 مارچ (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب میں عوام کو صحت اور معیاری تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے،  سریاب کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان میڈیکل کمپلیکس اور گورنمنٹ نواب اکبر خان بگٹی ہائی سکول سریاب مل کے دورے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان میڈیکل کمپلیکس میں ٹراما سینٹر کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے کیونکہ کوئٹہ ، مستونگ روڈ، کوئٹہ ،  سبی روڈ اور کوئٹہ سے متصل دیگر اضلاع کے مریض آسانی سے اس ہسپتال تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں  ۔ ہسپتال کی ایم آر آئی مشین کی مرمت کے لیے خود وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز خان بکٹی سے بات کروں گا اور مشین کی مرمت کے لیے مطلوبہ فنڈ کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شعبہ طب کی ٹھوس بنیادوں پر ترقی اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیر اعلی سندھ سے رابطہ کریں گے۔

قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ خلیفہ بن زید النہیان میڈیکل کمپلیکس ذوالفقار بلوچ نے ہسپتال میں فراہم شدہ سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں نوابزادہ جمال خان رئیسانی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

 نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے مسائل تحریری طور پر پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے بات کی جا سکے۔ انہوں نے پرنسپل گورنمنٹ نواب اکبر خان بگٹی ہائی سکول سریاب مل کو بھی ہدایت کی کہ سکول کو درپیش مسائل کی فہرست تحریری طور پر ان کو پیش کی جائے ۔