عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی؛ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

24

 

کوئٹہ،19مارچ(اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی عوام نے ہم پر جس اعتماد کااظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔

ان خیالات کا  اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے  شیخ خلیفہ بن زید اسپتال  کے   اچانک دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ اراکین بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک، زرک مندوخیل،  بھی موجود  تھے۔

دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹرز اور عملے کے حاضری رجسٹر چیک کئے۔وزیراعلیٰ  نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اسپتال میں صفائی، ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری پر اطمینان کااظہار کیا۔دورے کے موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی عوام نے ہم پر جس اعتماد کااظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور اسپتالوں کے اچانک دوروں  کا سلسلہ جاری رہے گا،عوام کو سرکاری اسپتالوں میں کسی قسم کی تکلیف پہنچی تو اسپتال انتظامیہ ذمہ دار ہو گی۔