پشاور،22مارچ(اے پی پی): خیبرپختونخوا کے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جس جذبے کے ساتھ ہم نے یہ الگ ملک قائم کیا، انگریزوں سے آزاد کرایا اسی طرح ہمیں اسے عین اسلامی اصولوں کے مطابق اور قائد اعظم محمد علی جناح کے خیالات اور احکامات کی روشنی کے مطابق اس ملک کو چلانا چاہیے تاکہ ہم اس ملک کو مزید ترقی دے سکیں۔
23 مارچ کے حوالے سے اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں ڈاکٹر سیف نے کہا کہ 23 مارچ کو پاکستان کا نظریہ پیش کیا گیا اور اس دن برصغیر پاک و ہند کے تمام مسلمان رہنماؤں نے ایک قرارداد پیش کی کہ ہندو اور مسلم دو الگ الگ قومیں ہیں اور اسی بنیاد پر دو قومی نظریہ پیش کیا گیا،جسمیں انہیں ایک الگ خطے کی ضرورت تھی جہاں وہ اپنی مرضی سے اپنے مذہبی عقائد اور رسومات رسم و رواج کے مطابق زندگی گزار سکیں۔