ملتان،16 مارچ (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو سیوریج اور صفائی کے حوالے سے عوامی شکایات کا ادراک ہے ،شہر میں مسائل کے ازالے کیلئے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منظور آباد اور ممتاز آباد کے علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اہل علاقہ کے ہمراہ پیدل چل کر یونین کونسلز 18?19 اور 20 کا دورہ کیا اور بریفنگ لی۔ایم پی اے مقصودہ انصاری ،عقیل انصاری اور اہل علاقہ کے عمائدین بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ واسا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو موثر حکمت عملی کے تحت یونین کونسلز کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کرکے عوام کو ریلیف دینے کا ٹاسک دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے اس موقع پر نگہبان رمضان پیکیج کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا اور گھروں میں جاکر نادار طبقے کو نگہبان پیکج کے تھیلے بھی فراہم کئے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے واسا اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی کارکردگی اور آپریشن کی بھی چیکنگ کی۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوسی 22 شہر کی گنجان آباد یوسی ہے۔ صفائی اور سیوریج کی کافی عرصہ سے سوشل میڈیا پر شکایات آ رہی تھی جس پر سالڈ ویسٹ اور واسا کے لحاظ سے صورتحال کو بہتر کرنے کا الٹی میٹم دے یا ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دوبارہ دورہ کروں گا اور صاف ستھرا پنجاب مہم میں یوسی 22 کو ماڈل یوسی بنائیں گے۔ ڈپٹی کمشنرنے شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر احکامات جاری کئے۔