ملتان؛ ضلعی امن کمیٹی اجلاس، رمضان المبارک میں بھرپور امن و یکجہتی کے مظاہرے کا عزم

12

ملتان،20مارچ (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی امن کمیٹی نے اپنی روایات کو قائم رکھتے ہوئے شہر کے مثالی امن و امان کیلئے ماہ رمضان المبارک میں بھرپور امن و  یکجہتی کے مظاہرے کا عزم کیا ہے، اس سلسلے میں 21 رمضان المبارک کے ماتمی جلوسوں و مجالس کی کڑی مانیٹرننگ و سیکورٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں سی پی او صادق علی ڈوگر کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور ایس پی محمد اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امن کمیٹی میں شامل علماءکرام،تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ امن کیلئے کردار ادا کرنے کا اعلان بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ 21 رمضان المبارک کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں مجالس و جلوسوں ہے روٹس پر لائٹنگ ،پیچ ورک اور صفائی انتظامات فول پروف ہیں۔ان  کا کہنا تھا کہ لائیسنس داروں کے مطالبات پر روٹس پر تجاوزات آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔

سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پولیس و سکیورٹی فورسز ماہ رمضان المبارک میں مکمل چوکس ہیں قیام امن کیلئے امن کمیٹی کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔انہوں  نے کہا کہ 21 رمضان المبارک کے جلوسوں کیلئے خصوصی سیکورٹی پلان تشکیل دیا جائے گا قبل ازیں امن کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ و پولیس کو بھرپور تجاوزات آپریشن پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

بعد ازاں اجلاس میں سانحہ محلہ جوگیاں اور وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت کی بھرپور مذمت کی گئی اور مرحومین کیلئے خصوصی دعائے مغفرت بھی کرائی گئی۔

اجلاس میں معروف علماءکرام و اراکین امن کمیٹی صاحب زادہ حفیظ اللہ مہروری،علامہ فاروق خان سعیدی،سید علی رضا گردیزی،مزین عباس چاون،خاور حسنین بھٹہ،یعقوب شیرا،عنایت اللہ رحمانی،اصغر عباس نقوی،انجینئر سخاوت علی،زاہد بلال قریشی،علامہ انوار الحق مجاہد،عزیز الرحمن انصاری،سلیم بلالی عطاری،سید انتظار عباس،ظفر اقبال صدیقی،مظہر جاوید سیال،مخدوم عالمین گیلانی،علامہ عبد الحق مجاہد اور پروفیسر صدیق خان قادری شریک ہوئے۔ اجلاس میں مولانا حفیظ اللہ شاہ مہروری کی ہمشیرہ مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔