ملتان؛ 23 مارچ کا دن ہمیں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کرنے کے عزم کیساتھ بنانا چاہیے،  پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ

1

ملتان، 19 مارچ(اے پی پی): وائس چانسلر نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس عزم کیساتھ بنان چاہیے کہ ہمیں اپنے ملک کو سنوارنے کے لیے اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو رائیگاں ہونے سے بچانا ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کرنی ہے۔

23 مارچ کے حوالے سے خصوصی ویڈیو پیغام وائس چانسلر نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ نے کہا کہ اس دن ہمیں یہ عزم کرنا ہے کہ ملک کو معاشی طور پر، معاشرتی طور پر اور ملک کے حفاظتی اداروں کو مضبوط کرنا ہے اور اسکے لیے یقیناً ہمیں ایک ہو کر ،ایک ملت اسلامیہ کی طرح، آپس میں مل کر ساتھ چلنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 1940 میں مسلمان رہنماؤں میں یہ احساس پیدا ہو گیا تھا کہ ہندو اور مسلمان دو علیحدہ علیحدہ قومیں ہیں، انکا رہن سہن ،تمدن، تہذیب اور مذہب سب جدا جدا ہیں لہذا ان دونوں قوموں کو پر امن رہنے کیلئے دو الگ الگ ریاستوں کی ضرورت ہے اور تب ہی سے دو قومی نظریہ کی بنیاد پڑی جو آگے جا کر ملک پاکستان کے وجود کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔