کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے پاکستان میں لگائے گئے چار آئی کیمپس اختتام پذیر

2

اسلام آباد،19 مارچ(اے پی پی):کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے پاکستان میں اندھے پن اور اس کی وجہ سے ہونے والی بیماریوں کے علاج کیلئے  لگائے گئے چار آئی کیمپس کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔

یہ کیمپ البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے معاونت اور الابراہیم آئی ہسپتال کراچی کے تعاون سے منعقد کیے گئے، جس کا مقصد ایسے افراد کو آنکھوں کی دیکھ بھال کی جدید سہولیات فراہم کرنا جو خصوصی علاج تک رسائی سے محروم ہیں یا اس کی استطاعت نہیں رکھتے۔

یہ کیمپ کراچی، ماتلی، شکارپور اور کنڈیرو میں منعقد کیے گئے، جس سے ان علاقوں کے رہائشیوں کو آنکھوں کی دیکھ بھال کی خصوصی خدمات سے استفادہ کرنے اور اپنی بینائی دوبارہ حاصل کرنے کا موقع ملا۔

کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) نے پاکستان میں اندھے پن اور آنکھوں کی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے 12 میڈیکل کیمپوں کو اسپانسر کیا تھا۔اس پروگرام کے تحت 23,356 سے زیادہ طبی معائنے ، 1,656 سے زائد سرجریز  اور بینائی کی اصلاح کے لیے ڈاکٹروں کی تجویز کردہ ادویات کے ساتھ 3,788 چشمیں فراہم کرنا ہے۔

یہ آئی کیمپس مملکت سعودی عرب کے انسانی مقاصد کے لیے وابستگی اور اندھے پن سے متاثرہ افراد کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے ان کی جذبے کی نمائندگی کرتی ہے۔ ان میڈیکل کیمپوں کے ذریعے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر ہزاروں مریضوں کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی لانے  کے لیے کوشاں ہے، جس سے ان افراد کی بینائی کی بحالی اور ایک روشن مستقبل کی امید فراہم کرنا ہے۔