نارووال؛2047ءتک پاکستان کو دنیا کے ممتاز ترین ممالک میں شامل کرنےکیلئے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،احسن اقبال

0

نارووال،23 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کا عزم کرنا چاہیے کہ 2047ءتک ہم پاکستان کو دنیا کے ممتاز ترین ممالک کی صف میں شامل کرنا ہے۔اگر پوری قوم ملکر یہ عزم کرلے تو ہمارے اہداف کا حصول آسانی سے ممکن ہوسکتا ہے ۔ہم میں سے ہر کسی کو اپنے حصے کے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  ہفتہ کو یہاں  ڈپٹی کمشنر نارووال کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس میں 23مارچ کے حوالے سے منعقدہ پرچم کشائی تقریب  کے بعد میڈیا سے  گفتگو میں کیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے کہا کہ 23مارچ ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے، اس دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے قائد اعظم کی قیادت میں آزاد وطن کے حصول کا خواب دیکھا ،اس وقت انکے پاس وسائل کی شدید کمی تھی انکے پاس  سوائے عزم اور حوصلے کے اور کچھ نہیں تھا مگر انہوں نے  تمام کمیوں کے باوجودقائداعظم محمد علی جناح کی زیر قیادت اپنے لیے ایک الگ وطن حاصل کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پاس تمام تر وسائل ہیں آج ہمیں عزم مصمم کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے پیارے وطن کو ترقی کی راہ پر ڈال سکیں۔ ایک استاد کا پاکستان اسکا سکول ہے ڈاکٹرز کا پاکستان انکا ہسپتال ہے اگر ہم میں سے ہر کوئی اپنے زیر اثر دائرے کی حفاظت کرے تو ہم ضرور ترقی کے لئے بنائے جانے والے اہداف کو حاصل کرسکیں گے۔

قبل ازیں پرچم کشائی کی  تقریب میں   پولیس،سول ڈیفنس اور ریسکیو کے دستوں کی جانب سے قومی پرچم کو سلامی بھی پیش کی گئی۔چئیرمین سی،ایم انیشی ایٹوز و ممبر صوبائی اسمبلی رانا منان،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ملک نوید،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد عظیم شوکت سمیت مختلف محکموں کے افسران نے بھی تقریب   میں شرکت کی۔