“نگہان رمضان پروگرام”،مستحقین میں راشن تقسیم کا باقاعدہ آغاز

126

ساہیوال، 06 مارچ (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق نے کہا ہے کہ “نگہان رمضان پروگرام” کے تحت ضلع بھر کے ایک لاکھ 90ہزار سے زائد مستحقین میں راشن گھر گھر تقسیم کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے ۔ اس پیکج میں مستحقین کو 10کلو آٹا اور 2,2کلو چینی، چاول،بیسن اور گھی فراہم کیا جائے گا۔مستحقین میں سے ایک لاکھ 15ہزار تحصیل ساہیوال اور75ہزار 287 تحصیل چیچہ وطنی سے ہیں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں میڈیا نمائندگان سے ملاقات میں بتائی جس میں انہیں پروگرام کی تفصیلات بارے آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پیکج کی گھر گھر تقسیم کے لئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو رہائش کی تصدیق کے بعد مستحق افراد کو سامان پہنچائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مستحق افراد کا ڈیٹا پنجاب حکومت نے فراہم کیا ہے اس لئے ان میں نہ کسی کا اضافہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی کمی۔

ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے امید ظاہر کی کہ تقسیم کا یہ عمل 10روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت انتہائی غریب افراد کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کررہی ہے تاکہ مہنگائی سے متاثراس طبقے کے لئے مزید فلاحی منصوبے شروع کئے جاسکیں۔

میڈیا نمائندگان سے ملاقات میں ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے محکمہ مال میں کی گئی اصلاحات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ ای رجسٹریشن کے نظام سے نہ صرف عوام کو جائیداد کے انتقالات  میں ریلیف ملا ہے بلکہ حکومت کی آمدن میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔