اسلام آباد،26 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے پاکستانیوں کو قومی ہیروز قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کیلئے بلیو پاسپورٹ اور پاکستان آنرز کارڈ کا اجراء کیا جائے گا اور بڑے ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان کو ملک کے اعزازی سفیر کا درجہ دیا جائے گا، ایماندار اور محنتی ٹیکس کولیکٹرز کیلئے بھی ایوارڈ کی تقریب منعقد کی جائے گی، پاکستان کو درپیش معاشی حالات اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نجی اور سرکاری شعبہ کو ملکر آگے بڑھنا ہے، سرخ فیتے کو برداشت نہیں کیا جائے گا، زراعت، آئی ٹی برآمدات میں بہتری لائیں گے ۔
وہ منگل کو یہاں کلیدی ٹیکس گزار افراد، کمپنیوں اور برآمدکنندگان کیلئے ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ، پاکستان فیڈریشن آف چیمبر اینڈ کامرس انڈسٹری کے صدر عاطف شیخ اور پاکستان بزنس کونسل کے صدر شبیر دیوان نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے شرکاء میں ایوارڈ تقسیم کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا واحد مقصد پاکستان کے ان معماروں اور قومی ہیروز جنہوں نے اپنی محنت کی کمائی سے ٹیکس ادا کیا اور شبانہ روز کاوشوں سے پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیلئے خدمات سرانجام دیں، اپنی قابلیت سے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزر میں اپنا لوہا منوایا، بزنس انٹرپرائزر میں نمایاں کارکردگی کی حامل خواتین اور غیر روایتی برآمدات میں کردار ادا کرنے والوں اور برآمدات اور ٹیکس بڑھانے والوں کو قوم کے سامنے ایوارڈ دینا تھا، ان کی خدمات کا اعتراف تھا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے معاشی حالات اور چیلنجز کو حل کرنا ہے تو پرائیویٹ اور سرکاری شعبہ کو ملکر آگے بڑھنا ہے، سرخ فیتے کو ختم کرنا ہے، کاروباری طبقہ کیلئے ایسا سازگار ماحول بنانا ہے جس کے ذریعے یہ اپنے شعبے میں محنت کر کے پاکستان کو معاشی ترقی کی دوڑ میں تیزی سے پیچھے رہ جانے والے فاصلوں کو طے کرنا ہے، یہ تب ہی ممکن ہے جب نجی شعبہ کو مکمل معاونت کریں۔











