ٹیوٹا کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہو گا؛ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین

24

لاہور، 26مارچ( اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین  نے کہا ہے  کہ  ٹیوٹا کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا،لیبز کویوایم ٹی جیسی یونیورسٹیوں کے تعاون سے اپ گریڈ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں  ٹیوٹا کی جاری ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سی ایم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے مختلف خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹیوٹا کے موجودہ اداروں میں بہتری لائے بغیر کوئی نیا ادارہ نہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ  ٹیوٹا کے اداروں اور لیبز کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا،  ٹیوٹا کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا،لیبز کویوایم ٹی جیسی یونیورسٹیوں کے تعاون سے اپ گریڈ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں طلبہ اور سٹاف کی بائیومیٹرک حاضری کا اہتمام کیا جائے،مائیکرو چپ مینوفیکچرنگ مستقبل کی ضرورت، خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے اداروں میں عریبک،جرمن، کورین، جیپنیز اور سپینش لینگویج کورسز شروع کئے جائیں ٹیوٹا کے اداروں کا نصاب عالمی مارکیٹ اور مقامی انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق  تیار کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے ٹیوٹا کی ویب سائٹ میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔چئیرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر نے ادارے کی ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت بارے بریفنگ دی اور  آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا ۔

سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ ،سی او او قراتہ العین، سینئر ڈی جی اختر عباس بھروانہ، سینئر اکنامک ایڈوائزر جاوید اقبال اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔