وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کا تعارفی اجلاس

26

 

کوئٹہ، 06 مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی زیر صدارت تمام محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کا تعارفی اجلاس بدھ کو یہاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے گڈ گورننس، ماحولیاتی تبدیلی اور دہشت گردی سے نمٹنے کی بنیادی ترجیحات سمیت موثر سروس ڈلیوری کے نظام اور مفاد عامہ کے امور کی سہل انجام دہی کے لئے ہدایات جاری کیں ۔

وزیراعلیٰ نے تمام سیکریٹریز کو ایک ماہ میں اہداف طے کرکے عمل درآمد کے لئے ٹائم فریم مرتب کرنے کی ہدایت کی م۔انہوں  نے کہا کہ بنیادی سطح سے لیکر اعلیٰ سطح تک کرپشن کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھائیں گے تمام محکموں کے انتظامی سربراہان گورننس کی بہتری کیلئے ایک ماہ میں جامع پلان مرتب کریں ہمیں صوبے اور عام آدمی کی بہتری کیلئے پوری تندہی سے کام کرنا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں انتظامی امور کی بہتری کے لئے جامع اصلاحات کرکے نمایاں تبدیلی لانا چاہتے ہیں ،اصلاحات کے اس عمل میں افسران کی مثبت قابل عمل تجاویز اور سفارشات کو ترجیح بنیادوں پر عملی جامہ پہنائیں گے اور کسی بھی پوزیشن پر تعینات افسر کی تقرری کے متعین اصولی دورانیہ کو تحفظ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا شفافیت کے قیام اور جوابدہی کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ انٹی کرپشن کو فعال کیا جائے گا۔