لاہور،8مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رمضان نگہبان ریلیف پیکیج کی تقسیم کی نگرانی کے لئے عوام کے پاس پہنچ گئیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور کے مختلف علاقوں کے دورے کئے او رگھر گھر جا کر شہریو ں سے بات چیت کی۔وزیراعلیٰ بزرگ خواتین سے گلے ملیں،بزرگوں اورماؤں نے مریم نوازشریف کو ڈھیروں دعائیں دیں۔وزیراعلیٰ نے دستک دی اور اجازت لیکر گھر کے اندر داخل ہوئیں اور سب لوگوں سے ملیں۔ وزیراعلیٰ خاتون خانہ کے ساتھ صحن میں بچھی چار پائی پر بیٹھ گئیں۔وزیراعلیٰ گھر کی خواتین کے ساتھ گھل مل گئیں او ربات چیت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کمسن بچے کو پیار کیا اور اس کا نام پوچھا۔ مریم نواز نے چھوٹے سے بچے کو گود اٹھا لیااور اس کے گال پر پیار کیا، ننھا بچہ وزیراعلیٰ کے ساتھ کھیلتا رہا۔وزیراعلی نے بچے کا نام سن کر بتایا کہ میرے نواسے کا نام بھی محمد ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گھر گھر جا کر شہریو ں سے بات چیت کی اوررمضان نگہبان پیکیج میں شامل سامان کے معیار،ترسیل او رعملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔گھریلو خواتین وزیراعلی ٰسے بات چیت کرتے ہوئے اپنے مسائل کے بارے میں بتاتی رہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی میں بی ایس کرنے والی طالبہ سے مل کر بہت خوش ہوئیں۔ انہوں نے کہاکہ آپ کی خادمہ ہوں، اس لئے خود معلوم کرنے نکلی ہوں کہ آپ کو آپ کا حق مل بھی رہاہے یا نہیں۔آپ کی دعائوں سے ہی خدمت کے مشن میں کامیاب ہوں گی۔ خواتین، بچے اور شہری وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔