قصور،21مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کیمطابق شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، افسران ایمانداری اور فرض شناسی سے اپنا کام کریں‘ کسی بھی قسم کی کرپشن یا بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ضلعی محکموں کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے حوالے سے چھانگا مانگا ریسٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی،محکمہ فاریسٹ، ہیلتھ، ایجو کیشن،سپورٹس، پاپولیشن ہائیر ایجو کیشن، تعمیر ات و مواصلات سمیت دیگر محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے رورل ہیلتھ سینٹر چھانگا مانگا کا بھی اچانک دورہ کیا اور وہاں پر ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی کارکردگی کو چیک کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں آنیوالے مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ ہسپتال سے میڈیسن لیکر جانے والے مریضوں کو کال کر کے ادویات کی فراہمی بارے بھی پوچھا۔
صوبائی وزیر نے چھانگا مانگا کی مختلف سڑکوں کے میٹریل اور کوالٹی کو چیک کیا اور شہریوں سے وزیر اعلی پنجاب کے نگہبان رمضان پیکج کے بارے میں بھی دریافت کیا۔