لاہور،19 مارچ ( اے پی پی ): صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے برٹش ہائی کمشنر کلارا سترادج نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں باہمی دلچپسی کے امور، پنجاب کی تعلیمی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر تعلیم نے پنجاب کو درپیش تعلیمی چیلنجز، مسائل اور ترجیحات سے آگاہ کیا برٹش ہائی کمشنر کو بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کیلئے ممکنہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا ۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئےوزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ برطانیہ کے تعلیمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں اصلاحات کریں گے۔ ہمارا تعلیمی ویژن کلئیر اور ارادے مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی راہنمائی میں مختصر مدت کا تاریخی تعلیمی بجٹ پیش کیا گیاوعدہ کرتے ہیں تعلیمی بجٹ تعلیم پر ہی لگے گا۔ایک ایک پائی مسلم لیگ ن کے تعلیمی منشور کے مطابق خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خواندگی کی شرح کو سو فیصد پر لانے کیلیے پُرعزم ہیں۔گذشتہ 76 سال کی تعلیمی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ ایک کروڑ سے زائد آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیم کے چیلنج سے عہدہ برآء ہوں گے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ گذشتہ حکومت کی طرح دلاسے نہیں دیں گے، عوام کا اعتماد بحال کریں گے۔ بجٹ کے ثمرات ہر آؤٹ آف سکول بچے تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تعاون سے ٹیچر ٹریننگ، سکولوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر چیلنجز سے نبٹیں گے۔ طلبہ کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اور جدید آئی ٹی و ٹیکنالوجی کورسز بھی شروع کئے جائیں گے۔ شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم ایجوکیشن ریفارمز لا رہے ہیں۔