سیالکوٹ، 21 مارچ ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں جنگلات کی شدید کمی ہے اس کا واحد حل ہر شخص اپنے حصے کا ایک درخت لازمی لگائے تاکہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور شدید موسمی تغیرات جیسے چیلنجز سے موثر طور پر نمٹا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج جنگلات کے عالمی دن کی مناسبت سے گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج میں موسم بہار 2024 کی شجر کاری مہم کے افتتاح کے بعد منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب کیپٹن ر عطا محمد خان، پرنسپل مجاہد بخاری، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر ارشاد اللہ گوندل، ارشد بٹ،بذی شان یاسر ، عبدالشکور مرزا اور سرسبز پاکستان کے چیمپئین اشفاق گھمن کے علاوہ کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے سیمینار میں شرکت کی۔ کیپٹن ر عطا محمد خان نے کہا کہ شجر کاری مہم کا کامیاب بنانا ہم سب کی قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے بالخصوص نوجوان اس کی ضرورت ص اہمیت کو سمجھیں اور ملک و سرسبز و شاداب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ قبل ازیں شجر کاری کیلئے آگاہی مہم کیلئے نکالی گئی آگاہی واک میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ اپنے ہاتھوں سے پودے لگائے۔ آخر میں ملک وقوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔