وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشاور آمد، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات ، صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

1

 اسلام آباد، 28مارچ(اے پی پی ): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آج پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی وزیر اعلی ہاؤس آمد پر  خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے  خیبر مقدم کیا۔ ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے خود کش حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیااور کہا کہ ہم چینی حکومت،عوام اور مرنے والے چینی شہریوں کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

ملاقات میں حملے کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا  اظہار کیا گیا،محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کے عناصر قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے موثر کوآرڈینیشن کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔ پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔ خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

 وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہاکہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔