پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے؛صدر مملکت

34

اسلام آباد،28مارچ  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک-برطانیہ تعلقات کو اعلیٰ سطحی رابطوں اور عوامی تعلقات سے تقویت ملی ہے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو  یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت اور برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کے دوران دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں جنہیں دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطحی رابطوں اور عوامی تعلقات سے تقویت ملی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کا استحکام اولین ترجیح ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے کیونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے ہائی کمشنر کو بتایا کہ سندھ میں 600000 ہیکٹر رقبے پر محیط مینگرو کے جنگلات ہیں جو ساحلی ماحولیاتی نظام کو سہارا دینے کے علاوہ ماحولیاتی استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

 صدر نے کہا کہ پاکستان میں شمسی اور ہوائی توانائی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، شمسی اور ہوائی ذخائر سے ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ صدر مملکت نے ملاقات میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور پرنسز آف ویلز کیتھرین مڈلٹن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جین میریٹ نے صدر آصف علی زرداری کو عہدہ  صدارت  سنبھالنے پر مبارکباد  بھی دی۔