وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے روسی سفیر البرٹ خوریو کی ملاقات

0

اسلام آباد، 28 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریو نے  جمعرات کو یہاں  ملاقات  کی ۔ملاقات میں  تجارتی رابطوں کو بڑھانے اور دو طرفہ تجارت کو حقیقی امکانات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس  موقع پر وزیر تجارت وزیر جام کمال نے کہا کہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کے ذریعے روس کو کنو کی برآمدات کے کامیاب آغاز کو سراہتے  ہیں ، اس سا ل مالٹے کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے اس شعبے میں تجارت کو مزید بڑھانے کے کافی امکانات موجود ہیں، روس ایک وسیع مارکیٹ ہے  جو پاکستانی برآمد کنندگان کو ترقی اور تنوع کے لیے کافی مواقع فراہم کرتا ہے۔

ملاقات کے دوران سفیر نے وزیر جام کمال کو اپریل اور جولائی میں ہونے والی آئندہ نمائشوں کے لیے دعوت دی۔تجارتی افق کو وسعت دینے کے لیے سفیر نے پاکستان سے روس کو حلال گوشت برآمد کرنے کی تجویز پیش کی۔

 جام کمال نے پاکستانی ٹرک ڈرائیوروں کو درپیش ویزا مسائل کے حوالے سے خدشات کو اجاگر کیا۔سفیر نے ویزا سے متعلق مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے کے یقین دہانی کرائی۔

روس کے سفیر نے ماسکو میں بین الحکومتی کمیشن (IGC) کے نویں اجلاس کی میزبانی کے لیے روسی فریق کی خواہش سے بھی آگاہ کیا۔