ڈیرہ غازیخان،20 فروری (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 70 فیصد رمضان نگہبان پیکج تقسیم کردیا گیا ہے، غیر معیاری آٹا کی فراہمی پر دو فلور ملز کو ایک ماہ کیلئے سربمہر بھی کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر کمشنر کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے رمضان نگہبان پیکج کے تحت 18 مارچ تک پانچ لاکھ 26 ہزار 744 رمضان بیگز نادار خاندانوں کو ان کے گھروں کی دہلیز تک پہنچا دئیے گئے ہیں اور معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے کڑی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان میں رمضان نگہبان پیکج کیلئے غیر معیاری آٹا کی فراہمی پر دو فلور ملز کو ایک ایک ماہ کیلئے سیل کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سید ایوب بخاری اور ڈی ایف سی ممتاز احمد نے چیکنگ کے دوران آٹا میں زیادہ نمی پر سلطان اور خلیل فلور ملز کو موقع پر سیل کر دیا اور آٹا کے نمونے مزید تجزیہ کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بھجوا دیئے۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ آٹا سمیت رمضان پیکج کی اشیاء کے معیار پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔