گلگت بلتستان کیلئے پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پلان انتہائی اہمیت رکھتا ہے؛وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان

15

گلگت،15مارچ  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پلان مرتب کرنے کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت  بلتستان کیلئے پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پلان انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ صحیح منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے محدود ترقیاتی بجٹ اور وسائل کے استعمال کے حوالے سے چیلنجز درپیش رہتے ہیں۔ صوبے میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے حوالے سے بھی ڈویلپمنٹ پلان کا ہونا لازمی ہے۔ پانچ سالہ ڈویلپمنٹ پلان میں صوبے کے پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ دینا ہوگا۔پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کے تحت وسائل کا درست استعمال ممکن ہوگا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت صوبے میں بڑے منصوبے شروع کئے جاسکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہماری حکومت کی ترجیح وسائل کا منصفانہ تقسیم، منظم منصوبہ بندی کے تحت صوبے میں تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھاناہے۔ غیر منظم منصوبہ بندی کی وجہ سے ترقی کا عمل متاثر ہورہا ہے۔ مختلف حکومتوں کی پالیسیز کا جاری نہ رہنا بھی ترقیاتی عمل میں رکاوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت  بلتستان میں ترقی کے عمل کو تیز اور بہتر بنانے کیلئے پہلی مرتبہ 5 سالہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس سے ترقیاتی بجٹ کا بہتر انداز میں استعمال ہوگا جس کے ثمرات عوام کو پہنچیں گے۔