یوگنڈا کے وفد کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ

14

 

اسلام آباد،4مارچ  (اے پی پی):یوگنڈا  کی وزارت صنف، محنت اور سماجی ترقی کے سیکرٹری ایگری ڈیوڈ  کی قیادت میں 17 رکنی وفد نے پیر کو پاکستان میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ہیڈ کوارٹر کا مطالعاتی دورہ کیا۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد  نے افتتاحی اجلاس میں وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں بی آئی ایس پی اور اس کے کثیر جہتی اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔

سیکرٹری عامر علی احمد نے گزشتہ 15 سالوں میں پاکستان  کے غریب افراد کے لیے سماجی تحفظ  فراہم کرنے میں بی آئی ایس پی کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں  نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت، غیر مشروط کیش ٹرانسفر (یو سی ٹی)-کفالت نے 9.3 ملین مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تعلیم کے لیے بی آئی ایس پی کے مشروط کیش ٹرانسفر (سی سی ٹی) پروگرام ،تعلیمی وظائف نے 9.2 ملین بچوں کا اندراج کیا ہے جبکہ  نشوونما کے  تحت دودھ پلانے والی  مائوں اور ان کے بچوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے  ، اس پروگرام  نے غذائی ضروریات سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

بی آئی ایس پی کی بنیادی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے سیکرٹری عامر علی  احمد نے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر) ڈیٹا بیس کی اہمیت  اجاگر کی ،یہ ڈیٹا بیس نہ صرف  مستحق افراد کی شناخت  کے لیے ایک بنیاد کا کام کرتا ہے بلکہ  خاص طور پر وبائی امراض اور قدرتی آفات کے دوران بروقت اور شفاف   طریقہ سے سہولت  بھی فراہم کرتا ہے ۔

وفد کے سربراہ ایگری ڈیوڈ نے بی آئی ایس پی کی مہمان نوازی کی تعریف کی اور بی آئی ایس پی کے تجربات خاص طور پر ڈائنامک این ایس ای آر رجسٹری سے سیکھنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ۔ انہوں نے یوگنڈا اور پاکستان کے درمیان متعلقہ سماجی تحفظ کے نظام کو بڑھانے کے لیے تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد طاہر نور، بی آئی ایس پی کے تمام ڈائریکٹر جنرلز اور ورلڈ بینک کے نمائندگان نے شرکت کی۔یہ وفد 4 مارچ سے 8 مارچ 2024 تک بی آئی ایس پی کے دورے پر ہے جس  کا مقصد سماجی تحفظ کے پروگراموں کے نفاذ میں پاکستان  بالخصوص بی آئی ایس پی آپریشنز کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں بصیرت حاصل کرنا ہے۔